پاکستان میں عیدالفطر کل منائی جائے گی، رویت ہلال کمیٹی کا چاند نظر آنے کا اعلان
اسلام آباد: چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں شوال المکرم 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں عیدالفطر کل بروز پیر 31 مارچ کو منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مذہبی امور اور موسمیات کی وزارتوں کے حکام بھی شریک تھے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے بتایا کہ لاہور، قصور اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد اتفاق رائے سے عید الفطر کا اعلان کیا گیا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا کرے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے میں مدد دے۔
عالمی سطح پر عید کی صورتحال
واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین، یمن، فلسطین، افغانستان، برطانیہ اور متعدد یورپی ممالک میں آج عید الفطر منائی گئی۔ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں ہزاروں مقامی اور غیر ملکی زائرین نے نماز عید ادا کی۔
پاکستان میں بوہری کمیونٹی اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں، خاص طور پر ضلع باجوڑ میں بھی آج عید الفطر منائی گئی۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ایمل ولی نے بھی سعودی عرب کے ساتھ عید منانے کا اعلان کیا تھا۔
حکومتی تعطیلات
وفاقی حکومت نے پیر 31 مارچ سے بدھ 2 اپریل تک تین روزہ عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں سرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے۔
عید الفطر، شوال کا چاند، رویت ہلال کمیٹی، پاکستان، اسلامی تہوار، عید کی خوشیاں، مرکزی رویت ہلال، مولانا عبدالخبیر آزاد، سعودی عرب، مسجد الحرام، مسجد نبوی، حکومتی تعطیلات، اسلامی ممالک، عید 1446 ہجری، عید الفطر 2025